فیس بک نے 2018 کو جعلی خبروں کے خاتمے کا سال قرار دیدیا

دنیا بھر میں سوشل میڈیا سائٹ فیس بک جس تیزی سے مقبول ہورہی ہے اسی تیزی سے جعلی خبروں نے بھی اس کی مقبولیت کو متاثر کیا ہے تاہم اب فیس بک نے جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے 2018 کو اہم سال قرار دیا ہے۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 2018 فیس بک سے جعلی خبروں کے خاتمے کا سال ہوگا، جعلی خبروں کی روک تھام اور نفرت کے پرچار کو روکنا کسی چیلنج سے کم نہیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ کمپنی نے جعلی خبروں کی روک تھام اور اس پلیٹ فارم کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اپنی پالیسیز کے نفاذ میں بہت سی غلطیاں کیں۔
مارک زکربرگ نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ وہ 2018 کو ذاتی اصلاح کا سال بنانا چاہیں گے جس میں فیس بک کا غلط استعمال اور جعلی خبریں روکنے کے لئے واضح پالیسی دیں گے۔
مارک نے کہا کہ دنیا بہت تقسیم اور پریشان ہے اور اس صورتحال میں فیس بک کو بہت کچھ کرنا ہے تاکہ دنیا کو نفرت اور محرومیوں سے نکالا جاسکے۔
فیس بک کے بانی کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے اس پلیٹ فارم کو ان لوگوں کے لئے مفید بنانا ہے جو اپنا بہت سا قیمتی وقت یہاں صرف کرتے ہیں۔